حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام نشتر پارک کراچی میں محرم الحرام کی مرکزی چوتھی مجلس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ برپا ہوئی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، بعد ازاں پرسوز سوز خوانی پیش کی گئی۔ مجلس شام 5:00 بجے شروع ہوئی جس میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں عزادارانِ امام حسینؑ نے شرکت کی۔

مجلس کے آغاز میں برادران و پسران سید فائق حسین رضوی نے پرسوز انداز میں سوز خوانی پیش کی، جس نے محفل کو غمِ حسینی کی کیفیت سے معمور کر دیا۔ اس کے بعد جناب انتظار حسین اور جناب زین جعفری نے سلام پیش کیا، جسے شرکاء نے انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ سنا۔
مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی صاحب نے سورہ الاسرا کی آیت نمبر 71 اور 72 پر مفصل روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ کربلا حق، انصاف، صبر اور استقامت کا درس دیتی ہے اور ہر دور میں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مجلس کے شرکاء نے ان کے خطاب کو انتہائی توجہ اور عقیدت کے ساتھ سنا۔

مجلس میں پاک محرم ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران، اراکین اور رضاکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ایسوسی ایشن کے رضاکاروں نے عزاداران کی رہنمائی، نشست و برخاست، ٹریفک کوآرڈینیشن اور دیگر انتظامی امور کو بہترین انداز میں انجام دیا۔
سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے حوالے سے بوتراب اسکاؤٹس نے بھی اپنی روایت کے مطابق قابلِ تعریف خدمات سر انجام دیں۔
اسکاؤٹس نے مجلس کے دوران ڈسپلن، سیکیورٹی اور ایمرجنسی سپورٹ کے امور کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ سنبھالا اور عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔

مجلس کے اختتام پر پاک محرم ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام عزاداران، رضاکاروں، اسکاؤٹس اور انتظامی کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کی مجالس کا یہ سلسلہ یکم محرم الحرام سے 8 محرم الحرام تک شام 5:00 بجے نشتر پارک کراچی میں جاری رہے گا؛ جبکہ 9 محرم الحرام اور روز عاشورا کی مجالسِ عزاء و جلوس صبح کے اوقات میں برپا و برآمد ہوں گے۔
پاک محرم ایسوسی ایشن نے تمام مؤمنین اور عزادارانِ حسینؑ کو ان روح پرور مجالس میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ پیغامِ کربلا اور تعلیماتِ اہلِ بیتؑ سے مستفید ہو سکیں۔









آپ کا تبصرہ